Time 02 ستمبر ، 2021
پاکستان

ٹک ٹاکر عائشہ نے جن 6 ملزمان کو شناخت کیا انہوں نے واقعے کے روز کیا حرکت کی؟

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں 14 اگست کے روز بے آبرو کی جانے والی ٹک ٹاکر عائشہ نے 6 ملزمان کو شناخت کرلیا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ انہوں نے واقعے کے روز کیا حرکتیں کیں۔

لاہورکےگریٹر اقبال پارک میں ہجوم کی بدسلوکی کا نشانہ بننے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی شناخت پریڈ کی رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عائشہ اکرم نے اپنے 3 ساتھیوں بلال، ریمبو اور صدام کی موجودگی میں ملزمان کو شناخت کیا۔

عائشہ اکرم نے گذشتہ روز 10 ملزمان کی طرف اشارہ کیا کہ یہ لوگ اس سے بدتمیزی میں ملوث ہیں تاہم چیک کرنے پر معلوم ہواکہ ان 10 میں سے 6 ملزم تو گریٹر اقبال پارک کی ویڈیوز سے شاخت کرکے پکڑے گئے تھے، تاہم 4 ایسے قیدی ان میں شامل کیے گئے تھے جو 6/6 ماہ سے جیل میں بند ہیں۔

جیل حکام کے مطابق شناخت پریڈ کا اصول ہے کہ اس میں کچھ ایسے افراد بھی شامل کر دیے جاتے ہیں جو موقع پر موجود ہی نہ ہوں تاکہ شناخت پریڈ کی صحت کا اندازہ کیا جا سکے۔

عائشہ نےجن 6 ملزمان کو شناخت کیا ان میں شہریار، مہران، عابد، ارسلان، ساجد اور افتخار شامل ہیں۔

عائشہ اکرم نے ملزمان کےکردار بھی واضح کیے اور بتایا کہ افتخار نے ان کے کپڑے پھاڑے، ارسلان نے تشدد کیا، شہر یار نے دھکے دےکر جنگلے سے مارا، مہران نے زد و کوب کیا، عابد نے سیلفیاں لیں اور غلط حرکات کیں جبکہ ملزم ساجد نے لڑکوں کو ان سے بدسلوکی پر اکسایا۔

واقعہ کیا ہے ؟

خیال رہےکہ 14 اگست جشن آزادی کے دن لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک میں جمع تھی، ایسے میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔

اچانک اوباش نوجوانوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی،خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی، اس ہنگامہ آرائی کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاجن میں سے 160افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :