دنیا میں اس وقت سب سے مہنگا اور سب سے سستا پیٹرول کہاں ہے؟

مختلف ممالک میں قیمتوں میں فرق کی وجہ پیٹرول پر عائد مختلف مقامی ٹیکسز اور سبسڈیز ہیں— فائل فوٹو
مختلف ممالک میں قیمتوں میں فرق کی وجہ پیٹرول پر عائد مختلف مقامی ٹیکسز اور سبسڈیز ہیں— فائل فوٹو

پاکستان میں حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 123 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کسی بھی ملک میں مہنگائی پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں مہنگائی اپنی بلندیوں پر ہے اس اضافے کے لوگوں کی زندگی پر براہ راست اثرات ہوں گے ۔ تاہم حکومتی وزیروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کی نسبت اب بھی کم ہے۔

پیٹرول کی قیمتوں میں فرق کیوں ہوتا ہے؟

دنیا کے تمام ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کافی فرق ہے۔ اس کا ایک سادہ اصول ہے کہ امیر ممالک میں قیمتیں زیادہ( امریکا کےسوا) ہوتی ہیں جبکہ غریب ممالک اور تیل پیدا کرنے و برآمد کرنے والے ممالک کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوتی ہیں۔

مختلف ممالک میں قیمتوں میں فرق کی وجہ پیٹرول پر عائد مختلف مقامی ٹیکسز اور سبسڈیز  ہیں ۔ تمام ممالک کو بین الاقوامی منڈیوں سے خام تیل تقریباً یکساں قیمتوں میں ہی دستیاب ہوتا ہے لیکن پھر یہ حکومتیں مختلف مقامی ٹیکس لگاتی ہیں جن کے نتیجے میں ، وہاں پیٹرول کی قیمتیں مختلف ہوتی ہے۔

آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ دنیا کے کن ممالک میں پیٹرول کی قیمت سب سے کم ہے اور وہ کون سے ممالک ہیں جہاں پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔

سب سے سستا پیٹرول کہا ہے؟

اگر آپ سمجھتے ہیں دنیا میں سب سے سستا پیٹرول کسی خلیجی ریاست میں ہے تو آپ غلط ہیں۔ اس وقت دنیا میں سب سے سستا پیٹرول براعظم جنوبی امریکا کے ملک وینز ویلا میں ہے ۔

 وینزویلا میں اس وقت پیٹرول تقریباً 3 روپے 36 پیسے فی لیٹر (پاکستانی روپے میں) فروخت ہو رہا ہے۔ وینزویلا تیل و گیس کی دولت سے مالا مال ہے اس لیے وہاں پیٹرول اس قدر سستا ہے۔

وینزویلا کے بعد سب سے سستا پیٹرول پاکستان کے پڑوسی ملک ایران میں ہے ۔ جہاں پیٹرول کی قیمت 10 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہے۔ اس کے علاوہ شام تیسرے نمبر ہے جہاں پیٹرول 38روپے 79 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

سب سے مہنگا پیٹرول کہاں ہے؟

دنیا میں سب سے مہنگا پیٹرول ہانگ کانگ میں ہے جہاں آپ کو ایک لیٹر پیٹرول کی خریداری کے لیے 426 پاکستانی روپے ادا کرنا ہوتے ہیں۔

 اس کے بعد یورپی ملک نیدرلینڈز ہے جہاں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت (پاکستانی روپے میں) 367روپے 24 پیسے ہے۔