23 ستمبر ، 2021
پشاور: امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی درخواست پر پاکستان میں جنسی ہراسانی کا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
جیونیوز کےمطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبرکرائم نے حیات آباد میں کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم امریکی کم سن بچی کو انٹرنیٹ پر ہراساں کررہا تھا اور ملزم کے خلاف امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم نے امریکی لڑکی کی اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے اور ملزم کم سن بچی کی تصاویر لے کر بلیک میل کرتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے موبائل سیٹ قبضے میں لے لیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔