Time 02 اکتوبر ، 2021
پاکستان

کراچی میں پولیس کا ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر پر چھاپہ، مغوی بازیاب

کراچی: پولیس نے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفتر پر چھاپہ مار کر تاوان کے لیے اغوا کیا گیا شخص بازیاب کروا لیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز پولیس کی وردی میں 6 افراد نے علی حسین کے گھر چھاپا مارا، چھاپہ مارنے والوں میں خاتون بھی شامل تھی، ملزمان نے 2 تولہ سونا، نقدی اور قیمتی سامان قبضے میں لیا اور اپنے ہمراہ علی حسین کو لیکر چلے گئے۔

پولیس کے مطابق اہلخانہ کی جانب سے تھانہ پیر آباد کو مطلع کیا گیا، کل شام کواغوا کاروں کا تاوان کے لیے اہلخانہ کو فون آیا تھا، ابتدائی طور پر مغوی کو چھوڑنےکے لیے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا لیکن مذاکرات کے بعد اہلخانہ سے 5 لاکھ روپے میں بات طے ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے اہلخانہ کو آئی آئی چندریگر روڈ پر رات کو بلایا، ملزمان اہلخانہ کو ڈی جی ایکسائز کے دفتر میں لے گئے۔

پولیس کے مطابق مغوی علی حسین کو ای ٹی او کے دفتر سے برآمد کیا گیا، چھاپے کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کی شناخت جان محمد، عبدالخالق اور یاسین کے ناموں سے ہوئی، گرفتار ملزمان میں جان محمد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پولیس کا اہلکار ہے جبکہ دیگر دو ملزمان کا ایکسائز سے تعلق نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی اور اغوا کی واردات میں ملوث خاتون سمیت تین افراد کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :