پاکستان
Time 03 اکتوبر ، 2021

کراچی میں بینک گاڑی سے 20 کروڑ روپے لوٹنے والے ملزمان پشاور سے گرفتار

کراچی میں نجی بینک کی پیسوں سے بھری گاڑی لوٹنے والے ملزمان کو پشاور سے گرفتار کر لیا گیا۔

ایس پی کینٹ پشاور کا کہنا ہے کہ 3 ملزمان کو تھانہ تہکال کی حدود سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے 70 لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔

ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزمان نے 10 اگست کو کراچی میں نجی بینک سے رقم لے جانے والی گاڑی لوٹی تھی، واردات کے دوران 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔

پشاور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات سے متعلق کراچی کے تھانہ میٹھا در میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزمان کی گرفتاری سے متعلق کراچی پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ بینک کی گاڑی لوٹنےکی واردات میں ڈرائیور  بھی شریک تھا، ملزمان گاڑی کے تعاقب میں تھے ، بینک کی گاڑی کے ڈرائیور کو ڈرامائی انداز میں اسلحے کی نوک پر روکا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق  بینک کی گاڑی کا ڈرائیور ملزمان کے ساتھ رابطے میں تھا، نامعلوم مقام پر ملزمان رقم تقسیم کر کے دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے تھے۔

مزید خبریں :