Time 03 اکتوبر ، 2021
پاکستان

عمرشریف کی میت منگل کو پاکستان لائے جانےکا امکان

معروف اداکار اورکامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں پیر کے روز ایک بجے ادا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نماز جنازہ جرمنی کے شہر نیورمبرگ کی ترک مسجد میں بعد نماز ظہر ادا کی جائےگی۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ عمر شریف کی میت کو ممکنہ طور پر منگل کے روز  پاکستان لےجایا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا ہےکہ عمر شریف کی بیوی زرین غزل میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گی۔

دوسری جانب  جرمنی میں عمر شریف کے انتقال پراسپتال کی ابتدائی دستاویز جاری ہوگئی ہیں، جرمنی میں ہفتہ اور اتوارکو سرکاری چھٹی کے باعث پیرکو ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہوسکےگا، متعلقہ بلدیاتی ادارے سےڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد میت کو پاکستان منتقل کیا جائےگا۔

جرمن قوانین کے مطابق سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر میت بیرون ملک منتقل نہیں کی جاسکتی۔

ذرائع کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ ملنےکے بعد عمرشریف کی میت کو کمرشل پرواز یا ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان منتقل کرنےکا فیصلہ ہوگا۔

خیال رہےکہ عمر شریف گذشتہ روز جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔

مزید خبریں :