پاکستان
Time 05 اکتوبر ، 2021

بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین کا وزیراعلیٰ جام کمال سے استعفےکا مطالبہ

جام کمال خان اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں،ظہور بلیدی،فوٹو: آئی این پی
جام کمال خان اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں،ظہور بلیدی،فوٹو: آئی این پی

بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ناراض اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ جام کمال خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے دیگر ناراض اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  صوبائی وزیر ظہور بلیدی نےکہا کہ  جام کمال خان  اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں، اگر وہ مستعفی نہ ہوئے تو ہم انہیں اسمبلی سے عدم اعتماد کے ذریعے نکالیں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ جام کمال پر ان کی پارٹی سمیت سب لوگوں نے عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، جام کمال نے 6 اکتوبر 5 بجے تک استعفیٰ نہ دیا تو عدم اعتماد سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران سمیت محمد خان لہڑی، سکندر عمرانی، لالا رشید ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹریز  بشرٰی رند ،ماہ جبین شیران، رکن اسمبلی لیلیٰ ترین  اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے نصیب اللہ مری بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس پر جام کمال کا کہنا تھا کہ میری جماعت اور اتحادی ساتھ ہیں تو اپوزیشن سے فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جس دن ان کی جماعت اور اتحادیوں کی اکثریت نےعدم اعتمادکیا تو وہ خود عہدہ چھوڑ کر چلےجائیں گے۔

مزید خبریں :