دنیا
Time 07 اکتوبر ، 2021

ادب کا نوبیل انعام تنزانیہ کے ناول نگار عبد الرزاق گرناہ کے نام

رواں سال ادب کا نوبیل انعام  افریقی ملک  تنزانیہ کے ناول نگار عبد الرزاق گرناہ کے نام رہا۔

نوبیل انعام کی کمیٹی کے مطابق سال 2021 کے لیے ادب کا نوبیل انعام  تنزانیہ کے ناول نگار عبد الرزاق گرناہ کو  نوآبادیاتی اثرات اور پناہ گزینوں کے مسائل پر  قلم اٹھانے پر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عبد الرزاق گرناہ افریقا سمیت دنیا بھر میں نوآبادیاتی نظام کے اثرات  اور پناہ گزینوں کے مسائل کو  اپنے ادبی تخلیقات کا حصہ بناتے رہے ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے اپنے ملک کی سماجی حالت اور ہجرتوں کے کرب کی کہانیاں لکھیں ، ان کے ایک ناول کا اردو میں ترجمہ یادِ مفارقت کے نام سے ہو چکا ہے ۔ 

عبدالرزاق گرناہ ، نجیب محفوظ اور اور حان پامُک کے بعد ادب کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے تیسرے مسلمان ادیب ہیں ۔

 برطانیہ میں مقیم 72 سالہ ناول نگار  نے نوبیل انعام ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے کہ جو ایوارڈ عظیم مصنفین کو ملا اب مجھے بھی مل رہا ہے، یہ بہت شاندار ہے۔

خیال رہے کہ آئندہ دنوں میں امن اور اقتصادیات کے نوبیل انعامات کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

انعام پانے والوں کو یہ انعامات الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقع پر 10 دسمبر کو دیے جائیں گے۔


مزید خبریں :