23 اکتوبر ، 2021
کراچی کے علاقے گلشن معمار میں دودھ کی دکان پر بچے کو گود میں اٹھا کر کھڑے شخص کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق گلشن معمار احسن آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جاں بحق سلیمان واقعے کے وقت دودھ کی دکان کے باہر کھڑا تھا۔
قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان اپنے بچے کو گود میں لیکر دودھ کی دکان پر آیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی، نوجوان نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
دکان پر کھڑے شخص پر فائرنگ کرنے والے ملزم نے ماسک پہن رکھا تھا جبکہ دوسرے ملزم کا چہرہ واضح ہے۔