15 فروری ، 2012
برسلز…یورو زون کے وزرائے خزانہ نے یونان کو نئے بیل آوٴٹ پیکیج کی فراہمی کا فیصلہ موٴخر کر دیا ہے۔ یہ اعلان قرضہ دینے والے فریقین کی شرائط پوری کرنے میں ایتھنز حکومت کی ناکامی کے بعد سامنے آیا ہے۔ بدھ کو فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یورو زون نے کہا ہے کہ یونانی وزیر خزانہ اپنے ملکی بجٹ میں مزید تین سو پچیس ملین یورو کی کٹوتی کے ساتھ برسلز پہنچیں۔ انہیں اپنے سیاستدانوں کی جانب سے بچتی پروگرام کے نفاذ کے تحریری وعدے ساتھ لانے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ یونان کو یورپی یونین اور آئی ایم ایف کی جانب سے نئی مالی امداد نہ ملی تو وہ دیوالیہ ہوسکتا ہے۔ اقتصادی امور کے ماہرین کے مطابق آخری وقت میں اجلاس کا موٴخر کیا جانا اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ یورو زون یونان کی جانب سے مزید یقین دہانیاں چاہتا ہے۔