21 اکتوبر ، 2012
کراچی… پاکستان آل اسٹار الیون اور انٹر نیشنل ورلڈ الیون کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ آج کھیلا جائے گا۔گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان اسٹار الیون نے ورلڈ الیون کے خلاف 84 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ شاہد خان آفریدی آج ہونے والے میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، وہ اتوار کی صبح حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی میں پاکستان آل اسٹار الیون کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔ کل کھیلئے گئے میچ میں نوجوان فاسٹ بولر تابش خان کی ہیٹ ٹرک نے انٹرنیشنل ورلڈالیون کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ عمر اکمل کو 67رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، شاہ زیب حسن نے 54رنز بنائے۔ پاکستان اسٹارز الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے وکٹ پر 222رنز بنائے، انٹرنیشنل ورلڈ الیون کی ٹیم 8وکٹ پر138تک محدود رہی۔ میچ جیو سوپر نے براہ راست نشر کیا۔اس میچ کے ساتھ ہی پاکستان میں ساڑھے تین برس میں پہلی بار انٹر نیشنل کرکٹ کا میلہ سج گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتے کی شب32ہزار کرکٹ کے دیوانوں نے بھر پور جوش وخروش کے ساتھ میچ دیکھا۔ تماشائیوں کی تعداد دیکھ کر لگ رہا تھا کہ گراؤنڈ چھوٹا پڑگیا ہے۔ اتنے ہی تماشائی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے مایوس لوٹ گئے۔ تماشائیوں نے مثالی نظم وضبط کے ساتھ میچ دیکھا۔