15 فروری ، 2012
ڈی آئی خان…ڈیرہ اسماعیل خان میں جیونیوز کے رپورٹر سعید اللہ مروت کے گھر کے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا، تاہم بم پھٹ نہیں سکا۔ بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے اُسے ناکارہ بنادیا،واقعے کے وقت جیونیوز کے رپورٹر سعید اللہ مروت گھر پر موجود نہیں تھے۔ سعید اللہ کے پڑوسی عارف نے سعید اللہ مروت کے گھر کے باہر دستی بم دیکھ کر انہیں اطلاع دی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دستی بم کو ناکارہ بنادیا، بی ڈی ایس کے انچارج نے بتایا کہ بم کی رینج 40 میٹر تک تھی اگر یہ پھٹ جاتا تو کافی نقصان ہوسکتا تھا۔سعیداللہ مروت کا کہنا ہے کہ انہیں اکثر دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔ کچھ دن پہلے بھی فون پر دھمکیاں دی گئیں تھی، جس کی اطلاع انہوں نے علاقے کے تھانے میں بھی کی تھی، پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔