05 نومبر ، 2021
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے ذریعے بلیک میل کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گینگ کی خواتین گھرکے مالک کے ساتھ غیراخلاقی ویڈیوزبناتیں جس سے انہیں بلیک میل کرتیں اور پھر یہ ویڈیوز اپنے سرغنہ کو بھجوا دیتیں، گروہ کا سرغنہ ان ویڈیوز کے ذریعے متعلقہ شخص کو بلیک میل کرتا اور ان سے رقوم بٹورتا تھا۔
سائبرکرائم نے 3 ملزموں نعیم ، عامر سہیل اور رؤف کو گرفتار کرلیا، ملزمان 6 سال سے یہ کام کر رہے تھے لیکن کوئی ان کےخلاف کارروائی نہیں کرتا تھا اور ملزمان اب تک کئی افراد سے لاکھوں روپے بٹورچکے ہیں۔
ایف آئی اے کاکہنا ہے کہ ملزمان بعض لوگوں سے پلاٹ کا بھی مطالبہ کرچکے ہیں، ملزم ایک شخص سے 20 لاکھ روپے لیتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے متعدد غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کی گئی جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔