Time 09 نومبر ، 2021
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ: تجاوزات نہ گرانے پر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات نہ گرانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سینیئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیرصدیقی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے انڈا موڑ نارتھ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات نہ گرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،غیر قانونی تعمیرات نہ گرانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس ظفر راجپوت نے استفسارکیا کہ سڑک پر تعمیرات ہوگئیں ، آپ نے کارروائی کیوں نہیں کی ؟وکیل کے ایم سی کا کہنا تھا کہ سڑک کے ایم سی کی ہے مگر تعمیرات کے ڈی اے اور سندھ کچی آبادی کے بھی دائرہ اختیار میں آتی ہیں، اگر عدالت جوائنٹ آپریشن کا حکم دے دے تو مشترکہ کارروائی ہوگی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ دوسرے اداروں پر ذمہ داری ڈالنےکی کوشش کر رہے ہیں ؟  قانون کیوں بنا ہے ؟ ادارے اور دفاتر کیوں بنائے ہیں ؟ کیا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لیے عدالتی حکم کی ضرورت ہے ؟ 

 وکیل کے ایم سی کا کہنا تھا کہ ہم آپریشن کریں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعاون کی ہدایت کی جائے ۔

عدالت نے سینیئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیرصدیقی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، عدالت نے ان کے 50 ہزار روپے مالیت کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت نے حکام کو رپورٹ سمیت 16 نومبر کو پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔

مزید خبریں :