23 اکتوبر ، 2012
غزہ سٹی…قطر کے امیرشیخ حماد بن خلیفہ الثانی نے فلسطین میں غزہ کے علاقے کا دورہ کیا۔ 2007ء میں حماس کے برسراقتدار آنے کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا غزہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ منگل کو امیرقطر شیخ حماد بن خلیفہ جہاز کے ذریعے مصر پہنچے جہاں سے وہ سخت حفاظتی انتظامات میں بذریعہ گاڑی غزہ میں داخل ہوئے ۔ اپنے دورے کے دوران امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ غزہ کیلئے 254 ملین ڈالرز کے تعمیراتی منصوبے کا اعلان کرینگے۔ حماس حکومت کے سربراہ اسماعیل حانیہ کی جانب سے شامی عوام کی حمایت کے اعلان نے صدر بشارالاسد کو ناراض کردیا تھا جس کے بعد حماس اور قطر کے تعلقات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ قطر نے شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے مسلح مداخلت کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔