23 اکتوبر ، 2012
تہران…ایران نے کہاکہ جوہری ہتھیار سکیورٹی اور سیاسی طاقت کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے لیے عالمی جوہری توانائی کے نمائندے علی اصغر سلطان نے سی ٹی بی ٹی کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوہری ہتھیار نہ تو سیکورٹی فراہم کرتے ہیں اورنہ ہی سیاسی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ یہ سیکورٹی اور سیاسی طاقت کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ سی ٹی بی ٹی اوراین پی ٹی جیسے معاہدوں کے باوجود ہتھیار وں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہاکہ ایران جوہری توانائی ہتھیاروں سے پاک مشرق وسطیٰ کے لئے پرعزم ہے تاہم وہ پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے خلاف بیان کے بارے میں انہوں نے کہاکہ ایران جو ہری ہتھیاروں کی پیداوار اور ان کے استعمال کو قبرستان بنانے کے مترادف سمجھتاہے۔