وزیراعظم نے وزرا کو بیرون ملک جانے سے کیوں روکا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

گلاسگو کانفرنس میں وزیرمملکت زرتاج گل اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے درمیان جھگڑے کی بازگشت وزیرا‏عظم عمران خان تک پہنچ گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نےگلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنماؤں کے بیانات کا سخت نوٹس لیا اور کانفرنس میں وزرا سے متعلق بیانات کو افسوسناک قرار دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نےکہاکہ کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ کوئی وزير اجازت کے بغیر بیرون ملک نہيں جائے گا، اگلے تین چار ماہ معاشی معاملات کیلئے اہم ہیں، حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لہٰذا وزرا اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کانفرنس ميں ملک امین اسلم اور زرتاج گل کے جھگڑے کا الزام لگایا تھا۔ تحریک انصاف نے ریاض فتیانہ کو این جی او کے ذریعے گلاسگو جانے اور وزیروں پر الزام لگانے پر شوکاز نوٹس دے رکھا ہے۔

مزید خبریں :