25 اکتوبر ، 2012
منی…عازمین حج آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے،مفتی اعظم حج کا خطبہ دیں گے ۔لاکھوں عازمین رات بھر منیٰ میں قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ عازمین بسوں،ویگنوں اور گاڑیوں کے علاوہ خصوصی طور پر چلائی گئی ٹرین کے ذریعے میدان عرفات کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔منیٰ سے عرفات کے درمیان کا فاصلہ تقریباً14 کلومیٹر ہے مگر پے پنا ہ رش کے باعث بڑی تعداد میں عازمین پیدل بھی میدان عرفات کی جانب رواں دواں ہیں۔عازمین آج میدان عرفات میں قیام کریں گے اور حج کا اہم ترین رکن وقوف عرفہ ادا کریں گے،اس موقع پرمفتی اعظم مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیں گے۔حاجی نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد دعائیں مانگیں گے اور نماز مغرب ادا کئے بغیر عرفات سے مزدلفہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔اس سال 25 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج ادا کررہے ہیں۔