08 دسمبر ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارگلہ نیشنل پارک کے تحفظ کیلئے اقدامات نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم اور چیئرمین وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کو11 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ اطہر من اللہ نے مارگلہ نیشنل پارک پر تجاوزات کے خلاف کیسز کی سماعت کی۔
عدالت نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک میں تجاوز کی گئی زمین ابھی تک کیوں واپس نہیں لے گئی؟ تجاوزات سے مفاد عامہ کے اہم سوالات اٹھے ہیں، ایکوائرڈ لینڈ الاٹ کرنے کیلئے سی ڈی اے حتمی اتھارٹی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ غریب کی جھُگیاں بغیر نوٹس گرا دیتے ہیں، نیول گالف کورس جو نیشنل پارک کی زمین پر غیر قانونی بنا ایکشن کیوں نہیں لیا؟ کیا نیول ہیڈ کوارٹر کی سی ڈی اے نے منظوری دی؟ کیا نیول گالف کورس تجاوز کی جگہ پر بنایا گیا ہے؟ اگر ایسا ہے تو اس کے لیے جواب دہ کون ہے؟
سی ڈی اے حکام نے بتایاکہ نیول گالف کورس الاٹ کی گئی لینڈ پر نہیں، نوٹس دے رکھا ہے۔
عدالت نے پوچھا کہ نیول گالف کورس کب بناتھا؟اس وقت چیئرمین سی ڈی اےکون تھا؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جس نے بنایا وہی اس کا ذمہ دار ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نیشنل پارک کی اونرشپ تبدیل نہیں کر سکتے۔