پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2021

APS کیس: وفاق نے سپریم کورٹ سے جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا

سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے جواب جمع کرانے کیلئے تین ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت نے سانحہ آرمی پبلک سکول کیس میں عدالتی حکم پر جواب جمع کرنے کیلئے مہلت مانگتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کی 16 دسمبر کو برسی ہے، وزیراعظم عمران خان نے شہدا کے والدین سے ملاقات کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے،کمیٹی میں شیریں مزاری، عمر ایوب، فہمیدہ مرزا اور صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں جبکہ اٹارنی جنرل، دفاع اور داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز خصوصی دعوت پر شرکت کریں گے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے شہدا کے والدین سے ملاقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے، مناسب ہوگا والدین اورکمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنے دیا جائے، مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عمل درآمد رپورٹ پیش کی جائے۔

خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب 4 ہفتے میں طلب کیا گیا تھا اور عدالت کا دیا گیا وقت 10 دسمبر کو ختم ہورہا ہے۔

مزید خبریں :