کھیل
Time 16 دسمبر ، 2021

تیسرا ٹی ٹوئنٹی بھی جیت کر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں7 وکٹوں سے شکست دیکر  سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے 208 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، محمد رضوان 87 اور کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ یہ پاکستان نے  ویسٹ انڈیز کے خلاف  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں  اپنا سب سے بڑا رنز کا ہدف تعاقب مکمل کیا ہے۔

کراچی میں کھیلے گئے  سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر207رنز بنائے،کپتان نکولس پورن 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز

پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے  بیٹرز  نے شروعات سے  ہی جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر207 رنز بنائے۔

کپتان نکولس پورن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز بنائے جبکہ بروکس نے 49 اور برینڈن کنگ نے 43 رنز کی اننگز  کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 2 اور شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز  کا 207 رنز کا ٹوٹل پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرا بڑا اسکور ہے ، اس سے قبل سری لنکا نے 3 وکٹوں پر ہی 211 رنز  بنائے تھے۔

اس کے علاہ  ویسٹ انڈیز کا یہ ٹوٹل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل  میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں  کسی ٹیم کا سب سے بڑا  کا اسکور ہے۔

پاکستان کی اننگز

208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ویسٹ انڈین بولرز کو کسی خاطر میں نہ لائے اور 158 رنز کی شاندار شراکت داری بنائی —فوٹو: پی سی بی
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ویسٹ انڈین بولرز کو کسی خاطر میں نہ لائے اور 158 رنز کی شاندار شراکت داری بنائی —فوٹو: پی سی بی 

208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز  ویسٹ انڈین بولرز کو کسی خاطر میں نہ لائے اور 158 رنز کی شاندار شراکت داری بنائی۔  

دونوں بیٹرز کے درمیان یہ ریکارڈ چھٹی سنچری رنز کی پارٹنرشپ تھی۔ 

محمد رضوان نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے 79 رنز بنائے ۔

اس کے علاوہ محمد رضوان ایک سال میں2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے جبکہ بابر ایک سال میں 20 ٹی ٹوئنٹی ففٹیاں بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

 آصف علی  نے 21 رنز  بناکر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ریکارڈ سب سے بڑا رنز  208 رنز کا ہدف مکمل کیا ،اس سے قبل قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف 204 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔

مزید خبریں :