Time 26 جولائی ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس کا باقاعدہ آغاز: پاکستانی ایتھلیٹس کل سے ایکشن میں نظر آئیں گے

پیرس اولمپکس کا باقاعدہ آغاز: پاکستانی ایتھلیٹس کل سے ایکشن میں نظر آئیں گے
فوٹو: گلفام جوزف اور کشمالہ فائل

دنیائے کھیل کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

پیرس میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج دریا سین پر منعقد کی جارہی ہے،  تقریب میں خوبصورت مناظر کے ساتھ دل کو چھولینے والی میوزک کی جھنکار بھی ہوگی جبکہ 3 ہزار کے لگ بھگ فنکار پرفارم کریں گے ۔

پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کا سفر کل سے شروع ہوگا۔ پاکستان کے 2 ایتھلیٹس شوٹنگ کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔

دن ڈیڑھ بجے شوٹر گلفام جوزف 10 میٹر ائیرپسٹل کے ابتدائی راؤنڈ میں شریک ہوں گے۔مردوں کے 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلوں میں گلفام سمیت 33 شوٹرز شرکت کریں گے۔

ابتدائی راؤنڈ میں پلیئرز 10، 10 نشانوں کی 6 سیریز میں حصہ لیں گے۔ ابتدائی 6 سیریز کے بعد ٹاپ 9 شوٹرز فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔

اس کے علاوہ کشمالہ طلعت خواتین کی 10 میٹر ائیرپسٹل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔ان کا ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق دن ساڑھے 3 بجے ہوگا۔

ٹاپ 8 کی جنگ میں کشمالہ طلعت کا 44 شوٹرز سے مقابلہ ہوگا۔ کوالیفائی کرنے کی صورت میں دونوں کے فائنل راؤنڈز 28 جولائی کو ہوں گے۔

دوسری جانب پیرس اولمپکس میں شریک پاکستانی دستے کے اعزاز میں پاکستان ایمبسی میں تقریب منعقد ہوئی۔

فرانس میں پاکستان ایمبیسی میں ایتھلیٹس کیلئے میٹ اینڈ گریٹ سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر آئی پی سی رانا ثناء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں فرانس میں سفارتی عملے کے ساتھ فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے قومی ایتھلیٹس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں ارشد ندی، فائقہ ریاض، احمد درانی اور جہاں آرا نبی نے شرکت کی۔

مزید خبریں :