26 اکتوبر ، 2012
کابل…افغانستان میں نماز عید کے اجتماع میں خود کش حملے میں کم ازکم37 افراد جاں بحق اور30 زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں صوبائی پولیس چیف عبدالخالق اقصائی بھی شامل ہیں۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی افغانستان کے صوبے فریاب کے شہر میمنہ میں خود کش حملہ آور نے نماز عید کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں37 افرادجاں بحق اور30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صوبہ فریاب کے ڈپٹی گورنر عبدالستار باریز کے مطابق شہر کی مرکزی مسجد میں جیسے ہی نماز عید ختم ہوئی نامعلوم خود کش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری، پولیس و انٹیلی جنس اہلکار شامل ہیں۔ فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔2001 ء میں افغانستان میں امریکی جارحیت اور طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد طالبان نے ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں پر توجہ مرکوز کرلی تھی اور شمالی علاقہ نسبتاًپرامن تصور کیا جاتا تھا ، تاہم انہوں نے اب شمالی علاقوں میں بھی اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔