19 دسمبر ، 2021
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی پر ماؤں کی روایتی ڈریسنگ کو پس پشت ڈالے ہوئے اپنی ڈریسنگ کے سبب میڈیا پر خاصی چھائی نظر آئیں۔
شادی کی تمام تقریبات میں سوشل میڈیا صارفین مریم نواز کی خوبصورتی اور ڈریسنگ کے دلداہ نظر آئے تو آئیے آپ کو بھی مریم نواز کے ملبوسات کی ایک جھلک دکھاتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ مریم نے بیٹے کی شادی کی کس تقریب میں کیا پہنا؟
مریم نواز نے جنید کی پہلی ڈھولکی پر ایتھیریل وائٹش رنگ کا سلور ایمبرائیڈری والا لباس زیب تن کیا،خوبصورت لباس کے ساتھ جگمگ کرتا سلور اسٹون جیولری سیٹ مریم کی خوبصورتی کو چارچاند لگا رہا تھا۔
جنید صفدر کی دوسری ڈھولکی مریم کے کزن حمزہ شہباز کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، اس تقریب میں مریم کو بلیک اور کاپر رنگ کے خوبصورت لباس میں والدہ کلثوم کی جیولری پہنے دیکھا گیا۔ مریم کا یہ لباس ڈیزائنر سائرہ شکیرا کا ڈیزائن کردہ ہے۔
جنید کی مایوں کی تقریب کے لیے مریم نواز نے پیلے رنگ کی خوبصورت لمبی قمیض کے ساتھ غرارے کا انتخاب کیا، اس دن مریم کو جُوڑے میں پھول لگائے دیکھا گیا۔
جنید صفدر کی مہندی کے لیے مریم نے ڈیزائنر ابھینو مشرا کا پیل گرین کلر کا شیشے کے کام والا لہنگا چولی زیب تن کیا۔
مریم کو جنید صفدر کی شادی کے لیے منعقدہ قوالی نائٹ میں تیز پنک رنگ کی بنارسی ساڑھی میں گولڈن جیولری کے ہمراہ دیکھا گیا۔
مریم نواز نے سنگیت نائٹ کے لیے ڈیزائنر سائرہ شکیرا کا پیل پنک اور ڈل گولڈن رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
بیٹے کی بارات کے لیے مریم نواز نے ڈیزائنر نومی انصاری کے تیار کردہ خوبصورت لباس کا انتخاب کیا، مریم نواز کو بارات کے روز گرین رنگ کے شرارے میں نیٹ کے دوپٹے کے ہمراہ خوبصورت اندازمیں دیکھا، شرارے کا دوپٹہ چاروں اطراف سے پنک رنگ کے پھولوں کی کڑھائی والے بارڈر سے مزین تھا۔
مریم نواز نے جنید صفدر کے ولیمے کے لیے بلو کلاسک رنگ کے انگرکھا سوٹ اور ڈائمنڈ جیولری کا انتخاب کیا۔
خیال رہے کہ جنید صفدر اور عائشہ سیف کا ولیمہ 17 دسمبر کو جاتی امراء میں جبکہ نکاح اگست میں لندن میں ہوا تھا۔