پاکستان
Time 20 دسمبر ، 2021

شبلی فراز نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی

اسلام آباد: وفاقی وزیر شبلی فراز نے کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی اس لیے ہاری کہ پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا اگر ایسا نہ ہوتا تو 14 اضلاع میں کامیاب ہوسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کارکنوں کو متحرک نہیں کرسکے، اب اگلے انتخابات میں حکمت عملی تبدیل کریں گے اور پارٹی ڈسپلن قائم کریں گے۔

شوکت یوسفزئی نے مہنگائی کو شکست کی وجہ قرار دیدیا

دوسری جانب صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ مہنگائی کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھے امیدوار کھڑے کیے تھے وہ بھی ہار گئے، اس کی وجہ مہنگائی بنی ہے لیکن ایزی لوڈ یا کرپشن کا الزام نہیں لگا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ غلطیاں  اور خامیاں ٹھیک کرنےکی کوشش کریں گے، دوسرے مرحلےمیں نتائج پہلےمرحلےسےمختلف ہوں گے۔


مزید خبریں :