16 فروری ، 2012
اسلام آباد…گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن کے چند ایک مقامات پر ہلکی برفباری جاری ہے۔چمن اور کرم ایجنسی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔مالاکنڈ ڈویژن میں موسم ابر آلود ہے۔ بالائی علاقے چترال میں ہلکی برفباری اور مالم جبہ اور کالام میں ہلکی بارش جاری ہے،جس سے میدانی علاقوں میں موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔استور کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔اسکردو اور استورشہر میں موسم ابر آلود اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔شمالی بلوچستان میں موسم خشک اور شدید سردی ہے۔ سرد موسم کے دوران 15 سے 18 گھنٹے بجلی کی بندش نے کارروبار معطل کر کے رکھ دیا ہے۔آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طورپر ابر آلود ہے۔چند روز قبل کی برفباری کے باعث لیپہ،ریشیاں فاروڈ کہوٹہ بارغ روڈ بند ہیں ،بالائی وادی نیلم میں کیل سے تاوٴ بٹ روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔کرم ایجنسی سمیت متعدد قبائلی علاقوں میں سردہے۔سنٹرل کرم ،وادی شوال اور مختلف پہاڑی سلسلوں میں آمد و رفت کے راستے بند ہیں۔پاراچنار سمیت کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹوں سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔