01 جنوری ، 2022
پاکستان اور بھارت کے درمیان سالانہ بنیادوں پر جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان میں جوہری تنصیبات کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی جبکہ نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ نے بھارتی جوہری تنصیبات کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ ہوا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں پاکستان میں بھارتی قیدیوں کی فہرست جمع کرائی گئی جس کے مطابق پاکستان میں اس وقت 628 بھارتی قیدی موجود ہیں جن میں 51 شہری اور 577 ماہی گیر شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق نئی دہلی میں بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کو پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی ہے جس کے تحت بھارت میں 355 پاکستانی قید ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیدیوں میں 282 شہری اور 73 ماہی گیر شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ 21 مئی 2008 کے پاک بھارت معاہدے کے تحت کیا جاتا ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک کو سال میں دو بار، یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔