پاکستان
Time 09 جنوری ، 2022

"سانحہ مری سے ثابت ہوگیا ملک میں صرف نالائقی، نااہلی اور ظلم مسلط ہے"

مسلم لیگ ن کے صدر  اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے مری میں سیاحوں کے اب بھی پھنسے ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ مری کے بعد ثابت ہوگیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ملک پر صرف نالائقی، نااہلی، بے حسی اور ظلم مسلط ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سچائی اور  اصل حقائق بتائے تاکہ اس کے مطابق حکمت عملی بنائی جا سکے۔

اپنے بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی مری اور گلیات میں پھنسے ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے، پھنسے مسافروں کی گھروں کو محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت بیان بازی اور عوام کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے انتظامی ذمہ داریاں پوری کرے، ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں یکسوئی لائی جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور معصوم بچوں سمیت دیگر  وفات پانے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، یہ واقعہ ہمارے دل زخمی کرگیا ہے، اگر بروقت اقدامات ہوتے تو اتنا بڑا حادثہ نہ ہوتا۔

مزید خبریں :