10 جنوری ، 2022
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ مری سمیت دیگر امور پر بحث ہوئی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت بڑھی ہے مگر انفراسٹرکچر کئی دہائیاں پیچھے ہے، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پر پر کڑی تنقید کر دی اور کہا کہ شہباز شریف کو شرم نہیں آتی کہ انہوں نے اتنی ٹی ٹیز لگائیں، ن لیگ کو اربوں روپے کی بیرونی فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا۔
کیا بروقت اقدامات سے سانحہ مری کو روکا جا سکتا تھا؟ وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کے اجلاس میں مری ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا موجودہ دور میں سیاحت ایک نئی حقیقت ہے، ملک میں سیاحت بڑھ گئی ہے لیکن انفراسٹرکچر کئی دہائیاں پیچھے ہے۔
وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ کیا بروقت اقدامات سے سانحہ مری کو روکا جا سکتا تھا؟ جس پر اجلاس میں موجود وفاقی وزراء ضلعی انتظامیہ کے حق میں بول پڑے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا، شیخ رشید
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سانحہ مری پر بریفنگ میں کہا کہ حالیہ برفباری کے دوران ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، سانحہ کے روز شام پانچ بجے ہی مری جانے والے راستے بند کردیے تھے تاہم حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر تھے،رینجرز طلب کرنا پڑی، ریسکیو آپریشن کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا۔
اس پر وزیراعظم نے کہا کہ نئے ہوٹلز کی تعمیر کے ساتھ پرانے اسٹرکچر کو بہتر کرنا لازمی ہے، سیاحوں کو معیاری رہائش کی فراہمی چیلنج ہے، وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں کی تعریف بھی کی۔
ہمیں اسکروٹنی کمیٹی نے کلیئرکردیا، باقی سیاسی پارٹیاں بھی اپنی فنڈنگ کی رسیدیں دیں، وزیراعظم
پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا الیکشن کمیشن کوتمام رسیدیں فراہم کرچکےہیں، ہمیں اسکروٹنی کمیٹی نے کلیئرکردیا، باقی سیاسی پارٹیاں بھی اپنی فنڈنگ کی رسیدیں دیں۔
وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو شرم نہیں آتی کہ انہوں نے اتنی ٹی ٹیزلگائیں، ن لیگ کو اربوں روپے کی بیرونی فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹرسروس پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) کے بیان کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے۔
اجلاس میں شریک وزیرخزانہ شوکت ترین نے شرکا کو نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہوئے معاہدے سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق شوکت ترین نے بریفنگ میں بتایا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آرہی ہے۔