کراچی: ماڈل کالونی سے عورت کے بھیس میں ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی

8 جنوری کو ایک مقامی شخص نے جھاڑیوں میں لاش دیکھ کر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی تھی: فوٹو جیونیوز
8 جنوری کو ایک مقامی شخص نے جھاڑیوں میں لاش دیکھ کر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی تھی: فوٹو جیونیوز

کراچی:  چند روز قبل ملیر ماڈل کالونی لنک روڈ پر عورت کے بھیس میں جھاڑیوں سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق 8  جنوری 2022 کو سپرہائی وے سے ملیر کینٹ کے لیے  جانے والے لنک روڈ پر جھاڑیوں سے لڑکی کے میک اپ اور ملبوسات پہنے ایک خواجہ سرا نما لاش ملی تھی  جس کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق وہ خواجہ سرا یا خاتون نہیں بلکہ مرد تھا جسے گلے میں پھندا لگا کر قتل کیا گیا، پوسٹ مارٹم کے دوران میک اپ اتارنے پر ایک پولیس افسر نے اسے محراب کے نام سے شناخت کیا اور بعد میں اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مقتول محراب ولد فقیر محمد سندھ کے شہر مورو کا رہائشی تھا اور  مقتول کے والد کے مطابق محراب گزشتہ ایک سال سے گھر والوں سے ناراض تھا اور لاپتا ہوگیا تھا، اس کا ایک سال سے گھر والوں سے رابطہ نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے والد فقیرمحمد نے اس کی لاش وصول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 8 جنوری کو ایک مقامی شخص نے جھاڑیوں میں لاش دیکھ کر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی تھی۔

مزید خبریں :