17 جنوری ، 2022
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ ہفتے کیبل آپریٹر اور سماجی کارکن فاروق علی خان کے قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سمیر بلوچ لاپتہ کرکے قتل کیے گئے فاروق علی خان کا قریبی ساتھی اور سابق ڈرائیور رہا ہے جبکہ ملزم نے گھریلو معاملے پر فاروق کو قتل کیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے گاڑی چلاتے ہوئے فاروق کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا، ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق اس نے شواہد مٹانے کیلئے مقتول کی گاڑی کو بھی آگ لگادی تھی اور قتل کے بعد لاش کو نالے میں پھینک دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ فاروق علی خان المعروف فاروق قائم خانی کی لاش 9 جنوری کو گلستان جوہر میں نالے سے برآمد ہوئی تھی جبکہ فاروق کے اغوا کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں 6 جنوری کو درج کرایا گیا تھا۔