کورکمانڈر حملہ کیس میں گرفتار جنداللہ رکن سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کورکمانڈر کراچی پر حملےکے مقدمے میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہاتھوں لائنز ایریا سے گرفتار جنداللہ کے کارکن سید کاشف علی سے مشترکا تفتیش اور تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

 محکمہ داخلہ سندھ نے 8 رکنی جوائنٹ انٹروگیشن و انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

 حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی کے دو شعبوں، ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو، پاکستان رینجرز، اسپیشل برانچ، کراچی پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے افسر بھی شامل ہوں گے۔ 

نوٹی فکیشن کے مطابق ضرورت پڑنے پر جے آئی ٹی کسی بھی اور  ادارے یا شعبے سے معاونت لے سکےگی، جے آئی ٹی 30 دن میں ملزم سیدکاشف علی شاہ سے تفتیش یا تحقیقات مکمل کرے گی،  تفتیش یا تحقیقات مکمل ہونے کے ایک ہفتے بعد مشترکا رپورٹ پیش کی جائےگی۔

خیال رہے کہ  جنداللہ کے رکن سید کاشف علی شاہ کو گزشتہ ہفتے سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا،  ملزم سید کاشف کو مارنے یا گرفتاری پر محکمہ داخلہ سندھ نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔

 تفتیشی افسر راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزم کاشف علی کراچی کے علاقےکلفٹن میں سال 2004 میں اس وقت کےکور کمانڈر کراچی کےکانوائے پر حملہ کرنے میں ملوث تھا، حملے کے بعد ملزم مفرور تھا اور مختلف شہروں میں روپوشی کاٹتا رہا۔

مزید خبریں :