22 جنوری ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانےکے لیے بلاول بھٹو اور شہبازشریف کو آئینی ترمیم کے لیے خط لکھ دیا ہے، اب دیکھیں اُن کی جانب سے کب جواب آتا ہے۔
ملتان میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں کامیاب ہوگئے تو اس کا کریڈٹ بھی دونوں جماعتوں کو دینے کے لیے تیار ہیں۔
شاہ محمود قریشی نےکہا کہ آج بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ تعمیر ہوچکےہیں، ہم نےفیصلہ کیا ہےکہ جنوبی پنجاب کا پیسا صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہوگا، یوسف رضا گیلانی نےکہا ہمیں سیکرٹریٹ نہیں صوبہ چاہیے، وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے پیپلزپارٹی کی قیادت کو خط لکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو خط لکھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے ہم آگے بڑھنےکو تیار ہیں،کیا آئینی ترمیم کے لیے پیپلزپارٹی ساتھ دےگی؟ شہبازشریف کو بھی خط لکھا کہ ہم آگےبڑھنےکو تیار ہیں، لیکن کیا آئینی ترمیم کے لیے ن لیگ ساتھ دےگی؟ اگر آپ یہ آئینی ترمیم کرتے ہیں توہم یہ سہرا آپ کے سر باندھنےکو تیار ہیں،ہم آپ کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، صرف گفتگو سے یہ ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عاجزانہ طورپر درخواست کی ہےکہ آئیں ، مل کر آگے بڑھتے ہیں، جو بھی جواب دینا چاہتے ہیں، میں ان کے جواب کا منتظر ہوں، جنوبی پنجاب کے دیگر ایم این ایز سے درخواست ہےکہ ن لیگ اور پی پی قیادت سے بات کریں، درخواست ہے اس معاملے پر سیاست نہ کریں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ احتجاج پیپلزپارٹی کا حق ہے،27 فروری کو وہ وہاں سے نکلیں گے، ہم یہاں سے نکلیں گے، راستے میں ملاقات ہو جائےگی۔