30 جنوری ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور معید یوسف نے افغانستان کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مولوی نجیب اللہ حقانی اور دیگر حکام سے ملاقات کی ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اورتعاون پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پرافغان وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں میں انفراسٹراکچر کی تعمیر کے منصوبوں میں افغانستان کے ساتھ کسی نے تعاون نہیں کیا۔
انہوں نے اپیل کی کہ دنیا اور پڑوسی ممالک منصوبوں کی تکمیل کیلئے تعاون کریں۔
مولوی نجیب اللہ کا کہنا تھاکہ پاکستان فائبرکیبل سےمنسلک ہونے میں دلچسپی ظاہرکرے تو دونوں ممالک کیلئے مؤثر ہوگا، پاکستان فائبرکیبل کےذریعے یورپ تک ٹرانزٹ حاصل کرسکے گا، پاکستان جنوبی اور وسط ایشیا سے انٹرنیٹ ٹرانزٹ شعبے میں منسلک ہوجائے گا۔
افغان وزیر نے افغانستان میں بہتر انٹرنیٹ سروس کی دستیابی کیلئے پاکستان سے اپیل کی کہ ڈارک فائبر کرائے پر مہیا کیے جائیں تاکہ سب میرین کیبل تک افغانستان رسائی حاصل کرسکے جس سے انٹرنیٹ اسپیڈ میں اضافہ اور قیمتوں میں کمی آئے گی۔
افغان وزیر آئی ٹی اور معید یوسف کی ملاقات میں ڈاک کے شعبے میں سہولتیں پیدا کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم پاکستان نے بہت سے شعبوں میں افغانستان کے ساتھ تعاون کرنے کا کہا ہے۔
دونوں ممالک نے مشترکہ تیکنیکی ٹیم کے قیام پر اتفاق کیا جو مستقبل میں مختلف معاملات پر بات کرے گی۔