30 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو6 وکٹوں سے شکست دی۔
اس میچ میں فخر زمان نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت لاہور نے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ کراچی کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فخر زمان نے کراچی کنگز کے خلاف پاکستان سپر لیگ میں 1500 رنز مکمل کیے انہوں نے یہ کارنامہ 52 اننگز میں انجام دیا۔
فخر زمان پاکستان سپر لیگ میں1500مجموعی رنز بنانے والے چوتھے کرکٹر ہیں ،ان سے قبل بابر اعظم، کامران اکمل اور شعیب ملک بھی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ فخر نے کراچی کنگز کے خلاف پی ایس ایل کی گیارہویں سنچری اسکور کی، وہ پی ایس ایل میں سنچری بنانے والے آٹھویں کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ کامران اکمل نے ٹورنامنٹ میں3، شرجیل خان نے2 سنچریاں اسکور کیں تھیں جبکہ کولن انگرم، کیمرون ڈیلپورٹ، رائلی روسو، کرس لن اور عثمان خواجہ ایک ایک سنچری کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ فخر زمان پی ایس ایل میں لاہور کی جانب سے سنچری کرنے والے دوسرے بیٹر ہیں ،اس سے قبل کرس لن نے بھی لاہور قلندرز کی جانب سے سنچری اسکور کی تھی۔