پاکستان
31 اکتوبر ، 2012

تحریک انصاف کے تحت ڈیلس میں عید ملن پارٹی کا انعقاد

 تحریک انصاف کے تحت ڈیلس میں عید ملن پارٹی کا انعقاد

ڈیلس. .. . .راجہ زاہد اختر خان زادہ/نمائندہ خصوصی …پاکستان تحریک انصاف ڈیلس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی راہنماؤں ندیم زماں،حسن محمود،نازیہ خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان میں نہ صرف نوجوان نسل میں مقبول سیاسی جماعت ہے بلکہ ہر طبقہ میں بڑی تیزی سے مقبول ہورہی ہے، اسی بنیاد پر مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیلس کے عوام الناس نے جس محبت کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔پروگرام میں رنگا رنگ پروگرام بھی رکھے گئے تھے جس کے بعد عشائیہ کا انعقاد کیا گیا ۔ مذکورہ ایونٹ میں داخلہ فیس20ڈالرز جبکہ بچوں کے لئے10ڈالرز رکھی گئی تھی اس کے با وجود پروگرام میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تحریک انصاف کے ایک اور گروپ جس کی قیادت تحریک انصاف ڈیلس کے بانی ڈاکٹر نصر اللہ اور وومن ونگ کی سابقہ صدر نیرہ بخاری کر رہی ہیں ان کی جانب سے عید ملن پارٹی کو منسوخ کر دیا گیا ان کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی آمد اور فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں دوسرے شہر جانے کی وجہ سے پروگرام منسوخ کیا گیا۔ڈیلس میں اس مرتبہ تحریک انصاف کی جانب سے ایک ہی عید ملن کا اہتما م کیا گیا تاہم ڈاکٹر نصر اللہ گروپ کے افراد اس پروگرام میں شریک نہیں ہو ئے جس سے ظاہر ہو تا ہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان ابھی برف نہیں پگلی ہے جبکہ تعطل اور جمود موجود ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے دیگر سیاسی پارٹیوں کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداران کے علاوہ کسی جماعت نے شرکت نہیں کی۔پروگرام کی میزبانی کے فرائض سجاد نے انجام دیئے پروگرام رات گئے تک جا ری رہا۔

مزید خبریں :