Time 04 فروری ، 2022
کھیل

تجزیہ: سرفراز کا کھلاڑیوں پر بڑھتا غصہ، وجہ کیا ہے؟

اگر سرفراز کی خواہش کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہ کررہے ہوں تو وہ ساتھی کھلاڑیوں پر چیخنا چلانا شروع کردیتے ہیں__فوٹو فائل
 اگر سرفراز کی خواہش کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہ کررہے ہوں تو وہ ساتھی کھلاڑیوں پر چیخنا چلانا شروع کردیتے ہیں__فوٹو فائل 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ٹیم کی ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کے بعد ایک مرتبہ پھر تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں۔

پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود کے 88 رنز اور بولر ڈیوڈ ولی کی جانب سے میچ کے آخری اوور میں وکٹوں نے ملتان کو فتح دلائی لیکن اس سب میں ایک چیز جو واضح طور پر دکھائی دی وہ سرفراز احمد کے چہرے کے تاثرات تھے جسے یقینی طور پر ناصرف ان کے ساتھیوں بلکہ شائقینِ کرکٹ نے بھی محسوس کیا۔

ماضی میں بھی کئی مواقع ایسے آئے جب ٹیم اپنا ردھم کھوتے ہوئے ہار کی جانب جارہی تھی__فوٹو فائل
ماضی میں بھی کئی مواقع ایسے آئے جب ٹیم اپنا ردھم کھوتے ہوئے ہار کی جانب جارہی تھی__فوٹو فائل

ماضی میں بھی کئی مواقع ایسے آئے جب ٹیم اپنا ردھم کھوتے ہوئے ہار کی جانب جارہی تھی، کبھی بولرز کی غلطی سے تو کبھی بیٹرز کے غلط شاٹس، جس پر کپتان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے میدان میں ہی خاصے مایوس دکھائی دیے جس کے نتیجے میں ناکامی کا یہ غصہ کھلاڑیوں پر نکلا۔

دراصل ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اگر سرفراز  کی خواہش کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہ کررہے ہوں تو وہ ساتھی کھلاڑیوں پر چیخنا چلانا شروع کردیتے ہیں اور ان کی آواز اسٹمپ پر لگے مائیک سے صاف سنائی دی جاتی ہے۔

اس کی تازہ مثال رواں سیزن میں بھی دیکھی گئی، اس کے علاوہ گزشتہ برس فاسٹ بولر عثمان شنواری کو جب مخالف ٹیم کے بیٹرز سے رنز پڑے تو سرفراز نے ان پر غصہ کیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ماضی میں بھی سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے دوران بلند آواز سے بولرز یا فیلڈرز کو ہدایات جاری کرتے رہے ہیں__فوٹو فائل
ماضی میں بھی سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے دوران بلند آواز سے بولرز یا فیلڈرز کو ہدایات جاری کرتے رہے ہیں__فوٹو فائل

حال ہی میں ایک میچ کے دوران جب نسیم شاہ نے سرفراز سے اپنی مرضی کے مطابق فیلڈر سیٹ کرنے کا کہا تو کپتان نے انکار کردیا جس پر نسیم شاہ ہاتھ جوڑنے لگے، اس منظر کو کئی کیمروں نے محفوظ کیا جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر زیر گردش رہا۔

 مداحوں کے مطابق سرفراز فیلڈرز یا بولرز کے رائے کو خاطر میں ہی نہیں لاتے اور اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداحوں کے مطابق سرفراز احمد کے رویے کی وجہ سے ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھارہی۔ 

سرفراز احمد کے اس رویے کی وجہ کیا ہے؟

گو کہ ماضی میں بھی سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے دوران بلند آواز سے بولرز یا فیلڈرز کو ہدایات جاری کرتے رہے ہیں لیکن ان ہدایات میں کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا تبصرے ہوا کرتے تھے لیکن گزشتہ سال سے ان کے رویے میں کچھ تبدیلی دیکھی گئی۔

قومی ٹیم کی کپتانی کے وقت سرفراز اتنا غصہ نہیں کرتے تھے جتنا اب کرتے ہیں، سرفراز کو فیلڈ پر بولرز کو داد دیتے بھی دیکھا گیا لیکن اب ایسا کچھ نہیں ہے۔

سرفراز کو یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ فاسٹ بولر پہلے ہی بہت جارحانہ ہیں__فوٹو فائل
سرفراز کو یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ فاسٹ بولر پہلے ہی بہت جارحانہ ہیں__فوٹو فائل

ٹوئٹر صارفین نے انہیں 'مایوس کن روح' کا لقب دیا جس کی وجہ یہ ہے کہ سرفراز ٹیم پر پڑنے والا دباؤ برداشت نہیں کرپارہے۔

کیا سرفراز کا یہ رویہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی کو متاثر کرے گا؟

کپتان کو ایک بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ ان کا یہ  انداز ان کی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ کھلاڑی مسلسل جارحیت کی وجہ سے ذلت محسوس کرتے ہیں۔

سرفراز کو یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ فاسٹ بولر پہلے ہی بہت جارحانہ ہیں اور ان کا غصہ نسیم شاہ جیسے مسابقتی کھلاڑیوں کو پریشان اور مایوس کر سکتا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کا کیا ردعمل ہے؟

ٹیم مینجمنٹ کے سامنے سرفراز  ایک اسٹار ہیں البتہ جہاں وہ کپتان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں وہیں وہ کھلاڑیوں کی شکایات اور سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد انہیں کپتان برقرار رکھنے کے اپنے فیصلے پر بھی نظرثانی کریں گے۔

مزید خبریں :