03 فروری ، 2022
پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں شامل ٹیم کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے۔
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں مشکلات میں گھری کراچی کنگز ٹیم کی مشکلات اس وقت اور بھی بڑھ گئیں جب اس کے فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد الیاس پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز سے آؤٹ ہوگئے۔
مسلسل تین میچ ہارنے والی کراچی کنگز کے بیٹر جو کلارک بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔
کراچی کنگز کی انتظامیہ کے مطابق محمد عامر جو پہلے ہی سائیڈ اسٹرین کا شکار تھے، اپنے ری ہیب کے دوران بیک انجری کا شکار ہوگئے اور پاکستان سپر لیگ سے آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ محمد عامر پاکستان سپر لیگ میں اب تک کوئی بھی میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔
دوسری جانب محمد الیاس قلندرز کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، گو کہ انہوں نے ٹریٹمنٹ کے بعد میچ میں بولنگ مکمل کی تھی مگر ایم آر آئی سے ان کی انجری کے سنجیدہ ہونے کی تشخیص ہوئی ہے ۔ الیاس کو چھ ماہ آرام کا کہا گیا ہے ۔
الیاس کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے اور وہ کل پشاور روانہ ہوجائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی دونوں پلیئرز کے ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا کہ ان کے متبادل پلیئرز کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔