07 فروری ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کےطریقہ کار پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں بڑے شہروں میں میئرز کے ناموں کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ منظم کیا جائے، ہمارے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، بلدیاتی انتخابات میں میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نےکہا کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول جماعت ہے، بلدیاتی انتخابات میں پوری قوت کےساتھ میدان میں اتریں گے، عوام کے پاس پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی بہتر آپشن نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حالیہ دورہ چین سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دورہ چین کی کامیابی کو عوام میں اجاگرکیا جائے۔