Time 08 فروری ، 2022
پاکستان

عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا عمر امین گنڈا پور کو نا اہل کرنے کا حکم معطل کردیا۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسمعٰیل خان کے سٹی میئر کے الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا تھا جسے انہوں نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

عمر امین نے الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دینےکے ساتھ فیصلےکی معطلی کی متفرق درخواست بھی دائر کی تھی جس میں درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر، ریجنل الیکشن کمشنر اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کو بھی فریق بناتے ہوئے کہا گیا تھا الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا، قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا، سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عمر امین گنڈا پور کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ نوٹس نہیں دیا گیا اور ساری کارروائی علی امین کے خلاف ہوتی رہی پھر آرڈر عمر امین کے خلاف جاری کردیا۔

عمر امین کے وکیل کا کہنا تھا کہ سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار تک جرمانہ کیا سکتا ہے اور دوسری مرتبہ خلاف ورزی ہوتو ایکشن ہوسکتا ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد الیکشن کمیشن کا عمر امین کو نااہل کرنے کا حکم معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

مزید خبریں :