15 فروری ، 2022
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق سینیٹرفیصل واوڈا کی نااہلی کے خلاف اپیل کل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
گزشتہ دنوں فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحیات نااہلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل فیصل واوڈا کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں سابق وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا ہے اور ان کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دیا تھا جس کےبعد ان کا بطور سینیٹر الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا 2 ماہ میں تمام مالی مفادات اورمراعات واپس کریں، انہوں نے جرم چھپانے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔
فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔