24 فروری ، 2022
کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کمی نہ آ سکی اور ڈاکو لیاری کھڈا مارکیٹ میں چکن سینٹر سے 15 لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جیونیوز کو موصول ہو گئی ہے جس میں 6 مسلح ڈاکوؤں کو چکن سینٹر کا تسلی سے صفایا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 ڈاکو دکان کے اندر گئے اور دیگر 3 دکان کے باہر پہرا دیتے رہے، ڈاکوؤں کو دکان میں موجود افراد کی تسلی سے تلاشی لیتے جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی میں ڈاکوؤں کو دکان میں موجود افراد سے موبائل فونز اور کیش نکالتے دیکھا بھی جا سکتا ہے جبکہ ڈاکو دکان کے اوپری حصے میں بھی گئے اور وہاں موجود ایک اور ملازم کی تلاشی بھی لیتے رہے۔
ملزمان نے دکان میں موجود تینوں افراد کو واش روم میں بند کیا اور واردات مکمل کی، ملزمان تقریباً ڈھائی منٹ تک واردات کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہو گئے، ویڈیو میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔