Time 24 فروری ، 2022
پاکستان

نور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو سزائے موت سنائے جانے پر مریم نواز کا ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے نورم مقدم قتل کیس کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ظاہر جعفر کے جرائم صرف عصمت دری اور قتل تک ہی محدود نہیں تھے، ظاہر جعفر نے پیسہ اور اثر و رسوخ متاثرہ فریق کی ساکھ پر حملے کیلئے استعمال کیا۔

مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’نور سکون سے رہو‘ ، نور مقدم کی عصمت دری اور قتل سے انسانیت کے ضمیر پر لگے زخم شاید کبھی مندمل نہ ہوں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج عطا ربانی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنائی۔

عدالت نے کیس کے شریک ملزمان جان محمد اور افتخار کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ تھراپی ورکس کے تمام ملزمان کو بری کردیا، سزا پانے والا مجرم افتخار چوکیدار اور مجرم جان محمد مالی ہے، عدالت نے خانساماں جمیل کو کیس سے بری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے مجرم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اور والدہ عصمت آدم جی کو بھی بری کردیا۔

مزید خبریں :