03 نومبر ، 2012
لندن…اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ ء صحت ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کے ایک چاررکنی وفدنے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ وفدمیں قومی اسمبلی کی رکن ڈاکٹرعذراپیچوہو، WHO کے ڈائریکٹر پولیو آپریشن اینڈریسرچ ڈاکٹرحامدجعفری، انسداد پولیوکیلئے پاکستان میں عالمی ادارہ ء صحت کے ٹیم لیڈر ڈاکٹرایلیس ڈیورے اورپولیومہم کیلئے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹرالطاف حسین بوسن شامل تھے ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کی جانب سے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے انچارج مصطفےٰ عزیزآبادی، جوائنٹ انچارج قاسم علی رضا اوررابطہ کمیٹی کے ارکان محمدانوراورطارق جاویدشریک تھے۔ عالمی ادارہء صحت کے وفدنے انسدادپولیو کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام پاکستان سمیت دنیاکے مختلف ممالک میں کی جانے والی کوششوں پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔ وفدنے بتایاکہ انسدادپولیومہم میں اقوام متحدہ کوپاکستان ، انڈیااورنائیجیریامیں مشکلات کاسامنا ہے تاہم اقوام متحدہ کاعالمی ادارہء صحت اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ڈبلیوایچ او کے وفدکاکہناتھاکہ پاکستان میں کراچی ان شہروں میں شامل ہے جہاں کے بعض علاقوں میں لوگوں کے عدم تعاون کے باعث بچوں کے پولیومیں مبتلاہونے کے خدشات موجودہیں۔اقوام متحدہ کے وفدنے انسدادپولیو کے سلسلے میں ایم کیوایم اوراس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی کوششوں اوراس سلسلے میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے وژن کوسراہا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے عالمی ادارہء صحت کے وفدکوانسدادپولیو کے سلسلے میں ایم کیوایم کی جانب سے بھرپورتعاون کایقین دلایااوروفدسے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین کاوژن اس معاملے میں واضح ہے اورایم کیوایم کراچی اورملک کے دیگرشہروں میں بچوں کوپولیوسے بچاوٴ کے قطرے پلانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے کیمپ لگانے کیلئے بھی تیارہے اوراسے اپناہرممکن تعاون پیش کرے گی۔