03 مارچ ، 2022
روس کے یوکرین پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں بھارتی طالب علموں کو یوکرین سے بحفاظت نکلنے میں پریشانی کا سامنا ہے جسے دیکھتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے نے اپنی خدمات پیش کردیں۔
پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی طلبہ کو پناہ دی جسے عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔
یوکرین میں جاری جنگ اور پورے مشرقی یورپی ممالک میں افراتفری کے دوران ایک بھارتی طالب علم نے دل موہ لینے والی ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے اندر بھارتی طلبہ کا ایک گروپ موجود ہے۔
پاکستانی سفارتخانےکی جانب سے ان طالب علموں کو پناہ دینے کے علاوہ کھانا بھی فراہم کیا گیا۔
یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے ان بھارتی طلبہ کو ایک ایسے وقت میں پناہ دی جب انہیں خارکیف سے لیویو جانے کے لیے بھارتی سفارتخانے نے مدد کرنے سے انکار کردیا تھا۔
بھارت کے معروف صحافی و پروفیسر اشوک سوین نے بھی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ رومانیہ کی سرحد پر بھارتی سفارتخانے کا عملہ نہیں تھا لہٰذا ایسے میں پاکستانی سفارتخانے نے بھارتیوں کی مدد کی۔
پاکستانی سفارتخانے کے اس عمل پر بھارتی طلبہ یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نویل کھوکھر کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔