15 مارچ ، 2022
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی ہے کہ 23 مارچ کی پریڈ اور اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس میں اہم بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر تفیصلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کورکمانڈرزکانفرنس نے بھارت سے میزائل فائر ہونے کے واقعے پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت نے واقعے حادثہ قراردیا جو کسی بڑی تباہی کاباعث بن سکتاتھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس کے شرکا نے واقعے کا متعلقہ عالمی فورم سے نوٹس لینے پر زور دیا اور کہا کہ ایسےخطرناک واقعات علاقائی امن وسلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن سکتےہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے انسداددہشتگردی کے حالیہ آپریشنز کی کامیابیوں کوسراہا اور ملکی سلامتی کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ 23 مارچ کی پریڈ اور اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے فارمیشنز کی تیاریوں کی تعریف کی اور مشنزپر مرکوز ٹریننگ کی ضرورت پرزوردیا۔