Time 15 مارچ ، 2022
پاکستان

کراچی میں ڈی ایس پی کے گن مین اور ڈرائیور نے فیکٹری ورکر کو قتل کردیا

واقعے کا مقدمہ درج کرکے دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا— فوٹو:فائل
واقعے کا مقدمہ درج کرکے دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا— فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ڈپٹی سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا نعیم خان کے گن مین اور ڈرائیور نے فیکٹری ورکر کو قتل کردیا۔

سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب فائرنگ سے فیکٹری ورکر سر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج چل بسا۔

اہلخانہ کے مطابق مقتول اسماعیل فیکٹری سے دوپہر کا کھانا کھانے گھر آرہا تھا کہ دوپولیس اہلکار اسے سر میں گولی مار کر فرار ہوگئے۔

اہلخانہ نے الزام لگایاکہ اہلکاروں میں توصیف الرحمان اور عبدالعلی شامل ہیں جوکہ ڈی ایس پی نعیم کے گن میں اور ڈرائیور ہیں جس کی وجہ سے ان کی پشت پناہی کرتے ہوئے ڈی ایس پی نے منشیات فروشوں سے مقابلہ ظاہر کیا جبکہ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کے مطابق وہاں کوئی منشیات فروش موجود تھے اور نہ ہی کوئی ڈاکو تھا۔

مقتول کے والد اور عزیز و اقارب کے مطابق علاقے میں ڈی ایس پی نعیم کی سرپرستی میں منشیات فروشی ہورہی ہے اور واقعے میں ملوث پولیس اہلکارڈی ایس پی اور ایس ایچ او کا بھتہ بھی لیتے ہیں۔

دوسری جانب گبول ٹاؤن تھانے میں مقتول کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اورگرفتار اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :