07 نومبر ، 2012
کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو خارجہ پالیسی میں ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا، پہلے سے کہہ رہا ہوں تمام ادارے اپنے دائرے میں رہیں، ملک میں قومی تعصبات کو ابھارا جارہا ہے، کس کا پاکستان چاہئے، اس طرح کے مباحثے چھیڑنا غلط ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر روز بروز گررہی ہے، پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا، چیف جسٹس پاکستان کا خطاب بھی اتفاقیہ نہیں شیڈول کی مطابق تھا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی قرار دادوں پر عمل کیوں نہیں ہورہا، پارلیمنٹ بار بار قرار دادیں پاس کررہی ہے، ادارے عملدرآمد نہیں کررہے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں قومی تعصبات کو ابھارا جارہا ہے، ریفرنڈم کرایا جارہا ہے کہ کس کا پاکستان چاہئے؟ اس طرح کے مباحثے چھیڑنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت فرقہ وارانہ تعصب بلوچستان میں پھیلایا جارہا ہے، ملک کے اندر کچھ قوتیں بلوچ اور پشتون کو لڑانے پر کام کررہی ہیں، قوم کو اتحاد چاہئے، جے یو آئی (ف) سیاسی اور مذہبی جماعت ہے۔