15 اپریل ، 2022
انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کے باعث شکست سے دوچار ہوگئی تھی، اسی بناء پر جو روٹ نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
جو روٹ کی 5 سالہ کپتانی میں انگلش ٹیم نے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں سے 27 میچز میں انگلش ٹیم کو کامیابی ملی جبکہ 26 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
31 سالہ جو روٹ نے بحثیت انگلش کپتان مجموعی طور پر 5 ہزار 295 رنز اسکور کیے جس میں ان کی 14 سنچریاں شامل ہیں۔
جو روٹ کا استعفے کے اعلان کے بعد کہنا تھا کہ انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی اعزاز تھی جبکہ کپتانی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ فیملی سے مشورے کے بعد کیا۔
خیال رہے کہ انگلش ٹیسٹ ٹیم آخری 17 ٹیسٹ میچز میں سے صرف ایک ہی جیت سکی جبکہ آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی انگلینڈ ٹیم کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔