15 اپریل ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا اور ملکی کٹھن حالات کا مل کر مقابلہ کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے، گزشتہ حکومت نے جان بوجھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، پیٹرولیم مصنوعات پر کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو مشکل حالات سے نکالیں گے۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں، ملک کو مشکل حالات سے نکال لیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چینی کو باہر نہیں جانے دوں گا، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ جلد حلف اٹھائے گی، پی ایم ہاؤس میں تمام صوبوں کے افسران ہوں گے، عوام کی فلاح کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے، ہر سال رمضان پیکج میں آٹا سستا ملتا تھا، اس مرتبہ کسی کو پروانہیں۔